منگلورو،25 / جون (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں تاخیر سے شروع ہونے والے مانسون نے اب اپنی رفتار پکڑ لی ہے اور دکشن کنڑا کے علاوہ اڈپی ضلع میں مسلسل بھاری برسات ہو رہی ہے جس سے معمولات زندگی پر متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے دکشن کنڑا میں 25 جون تک آرینج الرٹ جاری کیا تھا جبکہ 25 جون سے 29 جون تک کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ بیلتنگڈی میں درخت گرنے سے ایک گھر کو نقصان پہنچا جبکہ منگلورو کے کوڈیکال روڈ پر درخت گرنے کی وجہ سے بڑی دیر ٹریفک متاثر ہوئی۔ کُوکّے سبرامنیا کی کمارا دھارا ندی کا پانی بہاو بڑھ گیا ہے۔
اڈپی ضلع کے مختلف علاقوں میں زبردست بارش ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی جگہ گھروں کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں ۔ سوورنا اور سیتا ندی میں پانی کی مقدار بڑھ رہی ہے اور بہاو تیز ہوگیا ہے ۔ کارکلا کے گھاٹ علاقے میں بھاری برسات کے بعد مونڈلی کے آبی ذخیرے میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کنداپور اور بیندور، کوٹیشور، سداپور اور کولور وغیرہ میں بھی اچھی خاصی بارش ہونے کی خبریں ملی ہیں۔